مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا مریض اگر روزانہ تین سے چار کپ کافی پیئیں تو بڑی آنت کا کینسر دور کرنے میں اس سے بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی شہر بوسٹن کے ڈانا فاربر کینسر انسٹی ٹیوٹ میں کی گئی تحقیق کے دوران ماہرین نے بڑی آنت کے سرطان میں مبتلا ایک ہزار مریضوں کا مطالعہ کیا جو کینسر کے تیسرے اسٹیج پر تھے ۔ ان کا کینسر لمفی نالیوں (لمف نوڈز) میں پھیل چکا تھا لیکن پورے جسم میں نہیں اور وہ سرجری اور کیموتھراپی کراچکے تھے۔ انہیں روزانہ ورزش اور کھانے پینے کی ڈائری رکھنے کو کہا۔
جن مریضوں نے روزانہ تین سے چار کپ کافی پی تھی ان کی 42 فیصد تعداد میں کینسر لوٹ کر نہیں آیا جبکہ کافی پینے والوں کی 33 فیصد تعداد مطالعے کے دوران موت کا شکار نہیں بنی۔ ماہرین کے مطابق روزانہ کافی پینے سے آنتوں کے کینسر میں بہت فائدہ ہوتا ہے۔ تاہم کیفین والے تمام مشروبات اس کینسر کو نہیں روکتے صرف کافی پینے سے ہی بہتر فرق دیکھا گیا۔اس سے قبل ہونے والی تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ کافی سے ذیابیطس، کینسر اور پارکنسن جیسے امراض کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔
آپ کا تبصرہ